ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہوناور کے ماگوڈ میں لڑکی کا تعاقب کرنے والا ملزم بنگلوروسے گرفتار

ہوناور کے ماگوڈ میں لڑکی کا تعاقب کرنے والا ملزم بنگلوروسے گرفتار

Sun, 11 Mar 2018 17:35:42    S.O. News Service

بھٹکل11مارچ (ایس ا ونیوز) ہوناور ماگوڈ علاقے کے کوڈی گدّے نامی دیہات میں ایک اسکولی لڑکی کا پیچھا کرنے اور اسے ہراساں کرنے والے ملزم کو پولیس نے بنگلورو سے گرفتار کرلیاہے۔

قارئین کو یاد ہوگا کہ دسمبر میں ہوناور اور مضافات میں جو فرقہ وارانہ فساد پھوٹ پڑا تھااس دوران۹ ویں جماعت میں زیرتعلیم ایک لڑکی نے دو نوجوانوں کی طرف سے اس پر چاقو سے حملہ کرنے کی من گھڑت کہانی سناکر ایک نئے فساد کو جنم دیا تھا۔مگرپولیس کی تحقیقات کے دوران لڑکی کی زبانی معلوم ہواتھا کہ اسی علاقے کا گنیش نائک (۲۲سال) نامی ایک نوجوان اسکول جاتے وقت اس لڑکی کا پیچھا کیا کرتاتھااور اسے اپنی کار یا بائک میں اسکول تک چھوڑنے کی پیش کش کیا کرتا تھا۔ گنیش کی اس ہراسانی سے گھبراکر لڑکی کچھ دنوں تک اسکول سے غیر حاضر رہی۔ اس دوران وہ امتحان بھی دے نہیں پائی۔ پھر اسکول جانے کے خوف سے اس نے اپنے ہاتھ پرخود ہی کانٹے چبھو کر زخم بنالینے کے بعد ایک دکان دار کے سامنے یہ کہانی سنائی کہ اسکول جاتے وقت دو لڑکوں نے اسے اغواکرنے کی کوشش کی اور اس پر چاقو سے حملہ کیا تھا جس میں سے ایک دبلا پتلا تھا اور دوسرا ڈاڑھی والاتھا۔دکان دار اور کچھ مقامی لوگوں نے دو مسلم نوجوانوں کو بائک پرگزرتے ہوئے اس طرف سے گزرتے ہوئے دیکھنے کا بھی دعویٰ کیا۔ اس طرح اسکولی لڑکی پر حملے کے لئے مسلم نوجوانوں پر شک ظاہر کیا گیااور پہلے سے کشیدہ ماحول اور نفرت کی جلتی آگ پر تیل ڈالنے کا کام کیاگیا۔

لڑکی سے تفتیش کے وقت گنیش نائک کے پیچھا کرنے کی کہانی معلوم ہونے کے بعد پولیس نے کیس درج کرلیا تھا اور اُس وقت سے  مفرور گنیش نائک کو تلاش کررہی تھی۔ بالآخرتحقیقاتی ٹیم نے بنگلورو میں اسے’پوکسو ایکٹ‘ کے تحت گرفتار کیا اور ہوناورکی عدالت میں پیش کیا، جہاں سے گنیش کو عدالتی حراست میں بھیجا گیا ہے۔


Share: